عراق

داعش کے حملوں کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ بیس ہزار عیسائی شہری بے گھر ہو چکے ہیں

عراق کے صوبۂ نینوا کی کونسل کے رکن انور میتھیو نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ بیس ہزار عیسائی شہری بے گھر ہو چکے ہیں-

سومریہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبۂ نینوا کی کونسل کے عیسائی رکن انور میتھیو نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں اور بعض علاق‍وں پر اس گروہ کے قبضے کے بعد موصل کے ایک لاکھ بیس ہزار عیسائی بے گھر ہوئے ہیں- انور میتھیو نے مزید کہا کہ اس طرح کے دہشت گرد گروہ، پورے عراق کے لئے بڑا خطرہ شمار ہوتے ہیں- انور میتھیو کا کہنا تھا کہ عراق کے تمام گروہ متحد ہوکر تمام دشمنوں کا مقابلہ اور ان کو نابود کر سکتے ہیں- انور میتھیو نے موصل کی آزادی سے متعلق وسیع آپریشن میں شرکت کے لئے عیسائی برادری کی آمادگی کا بھی اظہار کیا- انھوں نے کہا کہ دنیا والے دیکھیں گے کہ عیسائی برادری دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں کس طرح سے پوری طاقت کے ساتھ شمولیت اختیار کرے گی- واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے موصل پر قبضہ کرنے کے بعد بہت سی تاریخی مساجد، کلیسا، قبرستان، عجائب گھر اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات تباہ کر دیئے ہیں- اس دہشت گرد گروہ نے اس عرصے میں بہت سے لوگوں کا قتل عام بھی کیا-

متعلقہ مضامین

Back to top button