سیاسی قیدیوں کی حمایت میں بحرینی خواتین کا دھرنا
بحرین کی خواتین نے سیاسی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دھرنا دیا ہے-
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی خواتین نے سنابس کے علاقے میں دیۓ جانے والے دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے سیاسی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی جاری رکھنے پر تاکید کی اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا- دھرنا دینے والی خواتین نے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جاری کۓ جانے والے عدالتی فیصلوں کی مخالفت کا بھی اعلان کیا- بحرین کی خواتین نے اپنے قیدی اور ایسے بیٹوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ ان خواتین نے آل خلیفہ کی شاہی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین کے شہریوں کےخلاف ظالمانہ فیصلوں کا سلسلہ بند کرے- اس دھرنے میں سامی المشیمع ، عباس السمیع اور علی السنکیس کے اہل خانہ نے اپنے بیٹوں کے لئے سزائے موت کے فیصلے کی مخالفت کی-دوسری جانب آل خلیفہ کے فوجیوں نے جمعرات کے دن سنابس کے علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد بحرینی شہریوں کے گھروں پرحملہ کیا اور ایک جوان کو گرفتار کر لیا- آل خلیفہ کے کارندوں نے مطلوب افراد کی شناخت کے بہانے سنابس میں امام بارگاہ بن خمیس کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا-