Uncategorized

ایران کی مشترکہ وردی قیادت کا اسرائیل کے خلاف جنگ کے حوالے سے بڑا اعلان

آرمی اور سپاہ کی یکجہتی کو قومی سلامتی کا فولادی ستون قرار دے دیا گیا

شیعیت نیوز : ہفتہ دفاعِ مقدس کے موقع پر ایرانی آرمی اور سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی اعلیٰ قیادت نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

میجر جنرل محمد پاکپور، کمانڈرِ سپاہ پاسداران، نے آرمی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی سے ملاقات کی۔ جنرل حاتمی نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد ایرانی قوم نے آزادی، خودمختاری اور اسلامی جمہوری نظام کو اپنا بنیادی نصب العین بنایا، جسے دشمنوں نے ہمیشہ نشانہ بنایا۔

انہوں نے فوج اور سپاہ کے درمیان موجود ہم آہنگی کو قومی سلامتی کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد دشمنوں کی سازشوں کے خلاف ایک فولادی ڈھال ہے۔ جنرل حاتمی نے مزید کہا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ میں بھی ایران نے دشمن کے عزائم کو ناکام کرکے ثابت کیا کہ قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : 100 سے زائد بچیوں سے زیادتی کرنے والا کالعدم لشکر جھنگوی کا ملزم گرفتار، خاتون نے دیا عبرتناک سبق

جنرل حاتمی نے دشمنوں کو خبردار کیا کہ اگر دوبارہ غلطی کی گئی تو فوج اور سپاہ کی جانب سے ایسا جواب دیا جائے گا جو انہیں پشیمان کر دے گا۔ اس موقع پر میجر جنرل پاکپور نے ایرانی عوام کی مثالی یکجہتی کو سراہا اور کہا کہ حالیہ جنگ میں عوام اور مسلح افواج نے مل کر دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔

انہوں نے رہبرِ انقلاب کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیادت نے ابتدائی نقصانات کے باوجود جنگ کو کامیابی میں بدل دیا۔ سپاہِ پاسداران اور آرمی کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کی سرزمین، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر تیار ہیں اور دشمنوں کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button