سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: کالعدم لشکر جھنگوی کے 7 دہشتگرد جہنم واصل
شیعیت نیوز : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے 7 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی پر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں بڑا آپریشن؛ کالعدم لشکر جھنگوی کے کئی دہشت گرد جہنم واصل
ذرائع کے مطابق آپریشن یکم اکتوبر کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شیرانی میں 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے بھارتی حمایت یافتہ عناصر کو شکست فاش دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 دہشتگرد مارے گئے تھے۔
دو روز قبل آئی ایس پی آر نے اطلاع دی تھی کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ضلع خضدار سے سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا تھا۔







