غزہ پر صہیونی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں شدید احتجاجی مظاہرے
یورپ سے افریقہ تک عوامی ریلیاں، اسرائیل پر عالمی پابندیوں اور فلسطینی آزادی کا مطالبہ

شیعیت نیوز : غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر صہیونی مظالم اور جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک میں وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گیا۔
ہالینڈ کے شہر روٹرڈم میں سماجی کارکنوں نے اسٹیڈیم کے باہر اسرائیل کی یورپی بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تل ابیب کھیلوں کو فلسطینی عوام کے خلاف اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی حکام کو جنگی جرائم پر عدالت میں لانے اور اسرائیل پر سیاسی، اقتصادی اور عسکری پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
جرمنی کے شہر ڈوسلدورف میں بائیں بازو کی جماعتوں اور فلسطین نواز تنظیموں نے احتجاجی ریلی نکالی جس میں غزہ میں جاری قتلِ عام کی شدید مذمت کی گئی اور برلن حکومت سے اسرائیل کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اسی طرح ایتھنز، وارسا، اسٹاک ہوم، بوسنیا، طنجہ، اگادیر اور تیونس میں بھی احتجاجی جلوس نکالے گئے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرائے اور "نسل کشی بند کرو” کے نعرے لگائے۔
مراکش میں خواتین کی تنظیموں نے اسرائیل کے بائیکاٹ اور عالمی خواتین کانفرنس برائے امن میں اس کی شمولیت کی مخالفت کا اعلان کیا۔ جبکہ تیونس میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے میونسپل تھیٹر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے فوری جنگ بندی، سرحدی راستے کھولنے اور غذائی و طبی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔