فلسطین کی تسلیم شدہ ریاست: علامہ ساجد نقوی کا سامراجی کردار بے نقاب کرنے کا مطالبہ
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی شہداء کا خون رنگ لا رہا ہے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بعض مغربی ممالک اب فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہے ہیں، حالانکہ انہی ممالک نے ناجائز غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو وجود بخشا، پروان چڑھایا اور مشرق وسطیٰ کے قلب میں پیوست اس شجرہ خبیثہ کی آبیاری کی۔ بظاہر یہ اقدام خوش آئند اور مظلوموں کی قربانیوں کا ابتدائی ثمر ہے مگر دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم و جور کے پیچھے اصل محرک و مرتکب یہی سامراج ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنانی شیعوں کا خون بھی سعودی عوام کے خون جیسا ہے، سعودی ایلچی
علامہ سید ساجد علی نقوی پاکستان نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانے والے ممالک بھی اب سامنے آئیں۔ سامراجی بینکوں سے سرمایہ نکالیں، اسرائیل و سامراجی طاقتوں کے سفراء کو واپس بلائیں اور ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فلسطینیوں کی مسلسل جدوجہد اور غزہ کے مظلوموں کے مؤقف کی جیت ہے کہ آج وہ ممالک، جو کل تک صہیونی ریاست کو پروان چڑھاتے رہے، اب اسی ریاست کے مظالم پر چیخ اٹھے ہیں اور فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہے ہیں۔ تاہم صرف زبانی جمع خرچ کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ تمام ممالک جو ایک عرصہ سے مظلوم انسانوں کے قتل عام اور نسل کشی پر سراپا احتجاج ہیں، اب وہ بھی آگے بڑھیں کیونکہ اس غاصب صہیونیت کے پیچھے اصل محرک اور مظالم کا اصل ذمہ دار سامراج ہے۔







