حضرت معصومہ (س) کی کرامت: آیت اللہ مرعشی نجفی کو کرایہ نشینی سے نجات ملی
حرم قم مقدسہ حاجتمندوں کا مرکز، دعا اور شفاعت کے صدقے میں مکان عطا ہوا

شیعیت نیوز: اہل بیت علیہم السلام، رحمتِ الٰہی کے مظہر اور ناامیدوں کی امید ہیں۔ انہی ہستیوں میں سے ایک، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا ہیں جن کا حرم ملکوتی قم مقدسہ میں ہر حاجت مند کے لیے سکون اور شفاعت کا مرکز ہے۔
آیت اللہ مرعشی نجفی روایت کرتے ہیں کہ جب وہ نجف اشرف سے قم آئے تو شدید فقر میں مبتلا تھے اور ایک کرائے کے چھوٹے سے گھر میں زندگی بسر کرتے تھے۔ مکان کی مالکن سخت گیر اور بداخلاق تھی، یہاں تک کہ معمولی باتوں پر بھی ان کی اہلیہ سے جھگڑتی تھی۔
ایک دن اسی جھگڑے سے دل گرفتہ ہوکر آیت اللہ مرعشی نجفی نے حرم حضرت معصومہ (س) کا رخ کیا اور گریہ و زاری کے ساتھ عرض کیا:
«بی بی جان! میں آپ کا مہمان ہوں اور آپ کے آستان سے پناہ چاہتا ہوں، خدا سے دعا کریں کہ مجھے کرایہ نشینی کے غم سے نجات ملے۔»
یہ بھی پڑھیں: خواتین علماء نہج البلاغہ کے ذریعے پیامبر شناسی کو فروغ دیں، آیت اللہ اعرافی
چند روز بعد، ان کے چچا کی جانب سے ایک خط آیا جس میں لکھا تھا کہ انہوں نے نذر مانی تھی کہ اگر حاجت پوری ہو تو قم کے ایک بے گھر طالب علم کے لیے مکان خریدیں گے۔ چونکہ آیت اللہ مرعشی نجفی کا اپنا گھر نہیں تھا، اس لیے چھ سو تومان کی رقم انہیں بھیج دی گئی تاکہ وہ قم میں مکان خرید لیں۔
یوں حضرت فاطمہ معصومہ (س) کی کرامت اور شفاعت کے صدقے میں آیت اللہ مرعشی نجفی اور ان کے اہل خانہ کرایہ نشینی اور سختیوں سے نجات پا گئے۔