اہم ترین خبریںایران

خواتین علماء نہج البلاغہ کے ذریعے پیامبر شناسی کو فروغ دیں، آیت اللہ اعرافی

قم میں جامعہ الزہرا (س) کے افتتاحی پروگرام سے خطاب، خواتین علماء کو دینی و تمدنی میدانوں میں پرچمدار بننے پر زور

شیعیت نیوز: قم میں جامعہ الزہرا (س) اور حوزہ علمیہ خواہر کے نئے تعلیمی سال کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ نورِ نبوی (ص) کائنات کی پہلی روشنی اور انسانیت کے لیے ابدی مشعل ہدایت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امیرالمؤمنین (ع) نے نہج البلاغہ میں نبی اکرم (ص) کی شخصیت کو ایک جامع معرفتی اور فکری نظام کے طور پر پیش کیا ہے، جو آج بھی انسانی زندگی کے لیے رہنما ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ حوزہ علمیہ خواہران میں ایک ایسا خصوصی نصاب ہونا چاہیے جو نہج البلاغہ کے ذریعے طالبات کو پیامبر شناسی اور دینی معرفت سے گہرائی سے آشنا کرے۔ ان کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی بھی نہج البلاغہ کو حوزہ علمیہ کے دروس اور تربیت میں مرکزی حیثیت دینے پر بارہا تاکید کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈین یہودی بھی نیتن یاہو حکومت کی پالیسیوں کے شدید مخالف

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ قرآن و سنت نے انسانیت کے لیے فکری، فقہی، اخلاقی اور اجتماعی مسائل کے دروازے کھولے اور آج خواتین علماء پر لازم ہے کہ وہ ان تعلیمات کو نسل نو تک پہنچائیں تاکہ اسلام کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر ہو۔

انہوں نے کہا کہ خواتین علماء روزانہ نہج البلاغہ کا مطالعہ کریں تاکہ ان کی علمی، فکری اور روحانی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو۔ انقلاب اسلامی کے بعد جو علمی و دینی بیداری پیدا ہوئی ہے، وہ اب ایک عالمی حقیقت بن چکی ہے اور اس پیغام کو خواتین کے ذریعے دنیا تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکتا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے اس نکتے پر بھی زور دیا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور سائنسی علوم پر مہارت حوزات علمیہ کے لیے ناگزیر ہوگی، اس لیے خواتین علماء کو بھی ان علوم سے آشنا ہونا چاہیے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ خواتین علماء کو نہ صرف علمی و دینی سطح پر بلکہ تمدنی و حکومتی میدان میں بھی پرچمدار بننا ہوگا تاکہ اسلام کا پیغام پوری دنیا میں بہتر طور پر پہنچایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button