شیعت نیوز اسپیشل

۹ ربیع الاول: مولانا کرامت حسین شعور جعفری کا امت مسلمہ کے لیے تجدیدِ عہد کا پیغام

ظاہری مظاہروں کے بجائے عبادت، علم و خدمت کے ساتھ ۹ ربیع الاول کو منانے پر زور

شیعیت نیوز : معروف مفکر، اہلِ قلم اور روزنامہ صداقت کے چیف ایڈیٹر مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری نے کہا ہے کہ ۹ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے تجدیدِ بیعت اور روحانی بیداری کا دن ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض جگہوں پر یہ دن اپنی اصل روح کے برخلاف فضول مشاغل اور لغویات کے ساتھ منایا جاتا ہے، جو قرآن و سنت اور اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے بعد امامت کا سلسلہ حضرت حجۃ بن الحسن المہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ذاتِ اقدس میں جاری ہوا، اسی نسبت سے یہ دن اہلِ ایمان کے لیے خوشی اور اطمینان کا باعث ہے اور اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والے اسے “عید الزہراءؑ” کے طور پر مناتے ہیں۔ تاہم یہ خوشی صرف ظاہری مظاہروں کا نام نہیں بلکہ معرفت، اطاعت اور ذمہ داری کا اعلان ہے۔

سید کرامت حسین شعور جعفری نے کہا کہ قرآن مجید میں اہل ایمان کی صفت بیان کی گئی ہے کہ وہ لغویات سے دور رہتے ہیں، جبکہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ "ہمارے لیے باعث زینت بنو، باعث ننگ و عار نہ بنو”۔ اسی طرح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے بھی اپنے بعثت کا مقصد اخلاق کی تکمیل قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ۹ ربیع الاول کو دعائے عہد، زیارت آل یٰسین اور زیارت عاشورا کے ذریعے امام زمانہ عجل اللہ فرجہ سے وابستگی کو تازہ کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی علمی و فکری نشستوں کے انعقاد، نوجوانوں کی دینی تربیت، اور غرباء و یتیموں کی خدمت کو اس دن کی حقیقی روح قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ ساجد نقوی کا سیلاب متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کے لیے حکومت سے مطالبہ

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس دن کو صرف لہو و لعب میں ضائع کیا تو یہ امامؑ کے سامنے شرمندگی کا باعث ہوگا، لیکن اگر اسے عبادت، خدمت اور اطاعت کے ساتھ گزارا تو یہی دن ہماری اجتماعی عظمت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ قرآن کہتا ہے: "اللہ کسی قوم کی حالت کو نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت کو نہ بدلیں”۔

آخر میں انہوں نے اپیل کی کہ ۹ ربیع الاول کو صرف عید نہیں بلکہ یومِ تجدیدِ عہد کے طور پر منایا جائے اور محافل کو ذکرِ خدا، قرآن، دعا اور خدمتِ خلق سے آراستہ کیا جائے تاکہ دنیا دیکھے کہ امام زمانہؑ کے ماننے والے ایک باوقار اور باشعور قوم ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button