علامہ ساجد نقوی کا سیلاب متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کے لیے حکومت سے مطالبہ

01 ستمبر, 2025 18:55

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملک بھر میں تباہ کن تاریخی سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناگہانی آفت کی اس گھڑی میں حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کو یقینی بنائے، ہر ضرورت مند تک مدد پہنچائی جائے اور مستقبل میں آفات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اور لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ہمیں دیرپا اور مؤثر حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اس مشکل گھڑی میں بلاتفریق سیلاب متاثرین کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں اور مخیر حضرات آگے آکر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں : چلاس ہڈر ہیلی کاپٹر حادثے پر اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کا اظہارِ افسوس

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب کا سلسلہ جاری ہے، جس کے اثرات سندھ پر بھی پڑیں گے۔ ملک بھر میں سیلاب سے سینکڑوں اموات کی تصدیق، ہزاروں گھروں کو نقصان، 6 ہزار سے زائد مویشی، 238 پل اور 661 کلومیٹر شاہراہیں سیلاب میں بہہ گئیں۔ کئی بند ٹوٹ گئے جبکہ ہزاروں دیہات سیلابی پانی میں زیر آب ہیں اور متاثرین کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے۔ علاوہ ازیں کپاس، چاول اور سبزیوں کی فصلیں شدید متاثر ہوئیں اور دریائے سندھ میں بھی سپر فلڈ کی صورتحال ہے۔ بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے جس سے فصلیں مزید متاثر اور 72 فیصد زرعی اراضی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، زیادہ سے زیادہ ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ ساتھ ہی کارکنان و رضا کاروں کو ہدایت کی کہ وہ جس حد تک ممکن ہو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے میدان عمل میں موجود رہیں اور اپنے ہم وطن بھائیوں بہنوں کی خدمت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے تمام متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔

6:37 شام اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔