یمنی عوام فلسطین کی حمایت میں استقامت کی علامت ہیں، سید عبدالملک الحوثی
شہید الغماری کی تدفین پر عوامی جوش و خروش، امریکہ و اسرائیل کے خلاف مزاحمت پر زور

شیعیت نیوز : یمنی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ، سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے شہید جنرل محمد عبدالکریم الغماری کی شہادت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام نے امریکہ اور اسرائیل جیسے طاغوتی نظاموں کے خلاف جہاد کا پرچم بلند کر رکھا ہے اور فلسطینی عوام کی حمایت میں ہر سطح پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام نے اپنے محبوب فوجی سربراہ، شہید الغماری کو بھرپور انداز میں رخصت کیا، اور ان کی نمازِ جنازہ و تدفین میں وسیع عوامی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یمن کے عوام اپنی مسلح افواج سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور انہیں اپنی طاقت و نظریاتی ترجمانی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دو سال جنگ کے باوجود حماس کی عسکری طاقت برقرار
الحوثی نے کہا کہ یمنی عوام اپنی فوج اور سیکیورٹی اداروں کو اپنا حصہ سمجھتے ہیں، کیونکہ یہ ادارے ان کے نظریات اور آرمانوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ شہید الغماری اور دیگر شہداء، یمن کی "فتحِ موعود” اور "جہادِ مقدس” کی علامت ہیں، جو ملتِ یمن کے سچے اور عظیم موقف کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمن نے گزشتہ دو سالوں میں امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید مزاحمت کی ہے، اور فلسطین کی حمایت میں ہر محاذ پر خلوص اور استقامت کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یمنی عوام نے بغیر کسی تردد، سستی یا غفلت کے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی ایمانی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔
الحوثی نے عرب و اسلامی ممالک کی افواج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 25 ملین سے زائد فوجی اہلکاروں کے باوجود ان افواج نے امتِ مسلمہ کو درپیش مشکل حالات میں کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔ صرف ایران اور مزاحمتی قوتیں اس جدوجہد میں نمایاں نظر آتی ہیں۔
الحوثی نے کہا کہ شہید الغماری جیسے افراد قرآنی شعور، خدا سے محبت اور جہادی روح کے ساتھ میدان میں اترے اور دشمن کی طاقت سے مرعوب ہوئے بغیر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ عرب افواج دشمن کی طاقت سے خوفزدہ ہو کر خاموش رہیں، جبکہ شہید الغماری نے خدا پر مکمل بھروسے کے ساتھ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جہادی مشن انجام دیے۔
الحوثی نے کہا کہ یمنی قوم کا موقف نہ صرف عزت و وقار کا حامل ہے بلکہ یہ ایک مقدس ذمہ داری کی ادائیگی ہے جو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔