بیت المقدس میں فدائی حملے میں دو اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی

شیعیت نیوز: مقبوضہ بیت المقدس میں کی اولڈ میونسپلٹی کے قریب دو اسرائیلی پولیس اہلکار فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ جواب میں حملہ کرنے والے کو بھی مار دیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے بعد القدس کی اولڈ میونسپلٹی کے تمام داخلی راستے بند کر دیے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا اور دوسرا معمولی زخمی ہوا۔
اسرائیلی پولیس نے اعلان کیا کہ مشرقی بیت المقدس میں اس کے ایک مرکز پر باب الساھرہ کے قریب فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد حملہ آور کو مار دیا گیا۔ اس موقع پر علاقے میں سکیورٹی فورسز کے درجنوں اہلکار تعینات تھے۔
دوسری طرف عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے عسکری ونگ ابو علی مصطفیٰ بریگیڈ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
بیان میں فدائی حملہ کرنے والے خالد محتسب کی شہادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی دہشت گردی اور جنگی جرائم کا رد عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دہشت گردی کا سرپرست ہے، جہاد اسلامی
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر چھ روز سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک ڈیڑھ ہزار فلسطینی شہید اور چھ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے تازہ اعلان کے مطابق غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 36 ہوچکی ہے۔
ارنا نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی وزرات صحت نے اعلان کیا ہے کہ استقامتی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کے آغاز سے جمعے کی صبح تک غرب اردن پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں 36 فلسطینی شہید اور 650 زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری طرف غاصب صہیونی فوج کے ترجمان نے جمعرات کی رات غزہ پر 750 حملے کرنے کی خبردی ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1537 اور زخمیوں کی تعداد 6612 ہوچکی ہے۔