ایرانی سیاحت، ثقافت و ہینڈی کرافٹ کانفرنس،ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب کی خصوصی شرکت
شیعیت نیوز: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر و ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران میں اچھے سیاحتی مقامات ہیں، جہاں دونوں ملکوں کے سیاح دورہ کرکے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں، ایرانی سیاح پاکستانی سیاحتی مقامات کا ضرور دورہ کریں، حکومتِ سندھ ایران کے ڈپٹی وزیر سیاحت و ہینڈی کرافٹ علی اصقر شل بافیان کی قیادت میں آنے والے وفد کو خوش آمدید کہتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل خانے کے زیر اہتمام سیاحت، ثقافت اور ہینڈی کرافٹ پر منعقدہ دوسری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایران کے ڈپٹی وزیر سیاحت و ہینڈی کرافٹ علی اصقر شل بافیان، کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسین نوریان، ڈپٹی گورنر صوبہ فارس فاروق زادہ، ڈائریکٹر جنرل سیاحت و ہینڈی کرافٹ سید جاوید موسفی، سیکریٹری سیاحت نسیم الغنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم مذہبی سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ایران میں بہت سے مقدس مقامات ہیں، جہاں لوگ زیارتوں کیلئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ سندھ میں صحت کی جدید سہولت موجود ہیں اور بہت سے ایسے اسپتال ہیں، جہاں بیرون ملک سے علاج کروانے آتے ہیں، اگر ایران کے لوگ گمبٹ جیسے جدید اسپتال میں علاج کرانے آئیں، تو ہم انہیں خوش آمید کہتے ہوئے علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایرانی کھانے بڑے شوق سے کھاتا ہوں اور جب میں نے ایران کے قونصل جنرل سے پوچھا کہ ایرانی سب سے اچھا کھانا کہاں سے ملتا ہے، تو انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کی بحالی تک امدادی سلسلہ جاری رکھیں گے، ظفر عباس جے ڈی سی
ایرانی نائب وزیر سیاحت و ہینڈی کرافٹ علی اصقر شل بافیان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران 84 ملین آبادی والا ملک ہے، پاکستان و ایران کے سیاحوں کے تبادلے سے نئے آئیڈیاز ملتے ہیں، سیاحتی شعبے کو فروغ دیکر دونوں ملک اپنی معیشت کو مزید بہتر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان اور خاص کر کراچی میں آکر اس بات کی خوشی ہے کہ یہاں سیاحت کے شعبے میں خصوصی دلچسپی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے انجینئرنگ اور طب کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل حسین نوریان نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو پڑوسی برار اسلامی ملک ہیں، جون 2022ء میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ایران کا دورہ کیا تھا، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے 5 مختلف شہروں سے براہ راست پروازیں شروع کی جا سکتی ہے، ایران، کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ سے مشہد پروازوں کیلئے بھرپور تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میر سید انور شاہ سمیت دیگر بزرگان کے مزارات کو کھوالنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں پیٹیشن دائر
ایرانی قونصل جنرل حسین نوریان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ دیگر شعبوں میں بھی آگے بڑھا جائے، اس سے معیشت مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعلقات اور خاص کر سفارتی تعلقات سے دونوں ملکوں کی قوموں میں بہتری لا سکتے ہیں، ایران کے صدر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ملکوں کے 70 سالہ تعلقات میں روز بروز استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اسپتال اور میڈیکل سینٹر ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم برادر مسلم ممالک کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتے رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر برسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری سیاحت نسیم الغنی اور پاکستان کی مختلف ٹریول ایجنسیز کے نمائندوں کو شیلڈ پیش کی گئیں۔







