میڈرڈ کانفرنس میں غاصب اسرائیل کے ساتھ یورپی فوجی تعاون ختم کرنے کا مطالبہ
شیعیت نیوز : ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں 20 اور 21 نومبر کو منعقد ہونے والی "یورپ برائے فلسطین” کانفرنس کے شرکاء نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون مکمل طور پر ختم کریں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسلحے کی برآمدات بند کریں۔
کانفرنس میں یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک کی اہم پارلیمانی، سیاسی، قانونی اور علمی شخصیات نے شرکت کی، جن میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ بھی شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر صیہونی حملہ، تین امدادی کارکن شہید
شرکاء نے زور دیا کہ عوامی حمایت اور سیاسی مذمت کے مرحلے سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کیے جائیں، جنگی جرائم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، صیہونی قبضے کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جائیں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی ضمانت دی جائے۔
کانفرنس کی مختلف نشستوں میں غزہ کی تباہ کن صورتحال، صیہونی بستیوں کی توسیع اور فلسطینی اراضی پر قبضے کے تناظر میں یورپی ممالک کی سیاسی و قانونی ذمہ داری پر زور دیا گیا، جبکہ شرکاء نے بائیکاٹ، سرمایہ کاری کے انخلا اور پابندیوں کی تحریک کو مضبوط بنانے اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کی ضمانت کا بھی مطالبہ کیا۔







