دنیا

چین کا امریکہ کے ساتھ جنگ کی صورت میں جنگ کرنے کا اعلان

شیعیت نیوز: چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے کہا ہے کہ چین کو امریکہ کے ساتھ جنگ سے کوئی خوف نہیں تاہم وہ مذاکرات پر آمادہ ہوں تو ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آر آئی اے نووستی کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ بیجنگ امریکہ کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے لیکن واشنگٹن کا سامنا کرنے سے نہیں ڈرتا اور تصادم کی صورت میں آخری دم تک لڑے گا۔

انہوں نے بیجنگ میں چینی سفارت کاری اور دنیا کی موجودہ صورتحال پر منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کا مؤقف واضح اور ناقابل تبدیلی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ایی نے تعلقات کی بحالی میں رکاوٹ کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسٹریٹیجک غلط فہمیاں مسائل پیدا کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حقیقی فتح یمنی اور شامی عوام کی ہی ہے، یمنی سفیر علی صبری

چینی وزیر خارجہ وانگ ایی نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ جنگ اورتصادم سے نہیں ڈرتے، اگر ایسا ہوا تو بھرپور طریقے سے جنگ کریں گے البتہ امریکہ باہمی طور پر فائدہ مند مذاکرات کرتا ہے تو خطے میں پائیدار امن کے لیے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے وزیر خارجہ کا یہ اہم بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور چینی صدر نے حال ہی میں پہلی بار ویڈیو لنک پر بات چیت کی تاہم یہ تاریخی ورچوئل ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔

اس سے قبل امریکہ نے سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزام پر چینی اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کی تھیں جس کے جواب میں چین نے بھی امریکہ پر جوابی پابندیاں عائد کیں اور تاحال کشیدگی برقرار ہے۔

وانگ نے مزید کہا کہ امریکہ میں کچھ لوگ یہ قبول نہیں کرنا چاہتے کہ دوسرے ممالک کو ترقی کا حق حاصل ہے، وہ اس حقیقت کو قبول نہیں کرنا چاہتے کہ چین مسلسل مضبوط اور ترقی کر رہا ہے، وہ اس بات کو قبول نہیں کرنا چاہتے کہ چین اور امریکہ باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو آگے بڑھا سکتے ہیں بلکہ اس کے برعکس چین پر قابو پانے اور اسے دبانے کے لیے ایک گروپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button