شہید الصماد کی تیسری برسی پر یمنی فوج کا عزم

شیعیت نیوز: یمن کی فوج کے ترجمان بریگيڈیر یحیی سریع نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے خلاف اگلا فوجی آپریشن شہید الصماد کے نام سے کیا جائے گا۔
یمن کی فوج کے ترجمان بریگيڈیر یحیی سریع نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ ، وزارت دفاع کے حکام، اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ہمراہ صالح الصماد کے مزار پر فاتح خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائے جانے کے موقع پر المسیرہ ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہید الصماد کی شہادت کی تیسری برسی کے موقع پر سعودی اتحاد کے خلاف فوجی آپریشن شہید الصماد کے نام سے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج خود کو اس آپریشن کی لئے تیار کررہی ہیں اور ہائی کمان کے اشارے کی منتظر ہیں جو اس آپریشن کے مناسب وقت اور جگہ کا تعین کرے گی۔ یحیی سریع نے کہا کہ شہید الصماد کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی شہزادہ بن سلمان کے مخالفین کی پھر سے گرفتاریاں شروع
قابل ذکر ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے اپریل دوہزار اٹھارہ کو یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے صدر صالح الصماد کو اس وقت شہید کردیا تھا جب وہ صوبہ الحدیدہ میں اگلے مورچوں کا معائنہ کرنے کے لیے علاقے کے دورے پر تھے۔
اس حملے میں چھے دوسرے افراد بھی شہید ہوگئے تھے۔
سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت اور متحدہ عرب امارات نیز چند دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر پچھلے سات برس سے زائد عرصے سے مغربی ایشیا میں اپنے پڑوسی ملک یمن کا محاصرہ کرنے کے علاوہ اسے جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔
سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔