سعودی عرب

عمرہ زائرین ایک کے بعد دوسرے عمرے کا بھی اجازت نامہ لے سکتے ہیں، سعودی عرب

شیعیت نیوز: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین ایک عمرہ کے بعد دوسرے عمرے کا بھی اجازت نامہ لے سکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمرہ بکنگ کے موجودہ نظام کے تحت کوئی بھی شخص 15 روز میں ایک بارعمرہ کا اجازت نامہ حاصل کرسکتا ہے اور 18 شعبان تک عمرے کے اجازت نامے جاری کروائے جا سکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سلسلے میں مزید کہا کہ اگر کسی شخص کا عمرہ اجازت نامہ منسوخ ہوگیا ہو تو ایسی صورت میں وہ عمرے کا نیا اجازت نامہ قریب ترین تاریخ میں حاصل کرسکتا ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ اگر اعتمرنا ایپ پرعمرہ اجازت نامے کا عمل پورا نہ ہو رہا ہو تو دوبارہ کوشش کی جاسکتی ہے کیونکہ عمرہ بکنگ کے مواقع روزانہ کی بنیاد پردیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمرہ زائرین کومکہ مکرمہ میں آمد سے قبل کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں احتیاط کے لیے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق: جشن اعیاد شعبانیہ، کربلائے معلی سراپا جشن و سرور

دوسری طرف تیل کی دولت سے مالا مال مسلمان ملک سعودی عرب میں لاکھوں غیر ملکی ملازمین کو نوکریوں سے متعلق آزادی مل گئی ہے کیونکہ گزشتہ روز سے مزدوروں کے حوالے سے اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔

خلیج کے مؤقر انگریزی اخبار کے مطابق کفالیت کے نظام میں بنیادی تبدیلی کے بعد غیر ملکی ملازمین کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ اپنی نوکریاں تبدیل کرسکیں گے اور آجر کی مرضی کے بغیر بھی ملک سے باہر جا سکیں گے۔

عرب نیوز کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پرکشش نوکریوں کی مارکیٹ تخلیق کرنے کا ایک حصہ ہے۔ اس میں غیر ملکی ملازمین کو حکومتی شعبوں میں بھی نوکری کے لیے اپنی ملازمت کے ڈیجیٹل کاغذات کے ساتھ براہ راست درخواست دینے کی اجازت دی گئی ہے۔

اعداد و شما رکے مطابق اس پالیسی سے تقریباً ایک کروڑ غیر ملکی ملازمین کو فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اخبار کے مطابق کی جانے والی اصلاحات سے غیر ملکی ملازمین کو سعودی عرب میں رہائش کا درجہ حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سعودی عرب میں متعارف کرائی جانے والی نئی اصلاحات کے تحت غیر ملکی کارکن کو ایک کمپنی سے دوسری کمپنی میں ملازمت کی اجازت دی گئی ہے۔ غیر ملکی ملازمین کو ملک سے باہر جانے اور واپس آنے کی بھی سہولت ہو گی جب کہ ان اصلاحات میں آجر اور اجیر دونوں کے حقوق کو تحفظ ملے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button