یزیدیت کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا، چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان
شیعیت نیوز : ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بانیِ پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی سمجھتا ہے کہ میں ٹوٹ جاؤں گا تو یہ غلط فہمی ہے، یزیدیت کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا، جو مرضی کر لیں غلامی قبول نہیں کروں گا، چاہتا ہوں 27 تاریخ کے جلسے میں پوری قوم نکلے۔
یہ بات علیمہ خان نے توشہ خانہ II کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
علیمہ خان کے مطابق بانیِ پی ٹی آئی عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ "اگر آپ سمجھتے ہیں ہم ٹوٹ جائیں گے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے، ہم یزیدیت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، جو مرضی کر لیں میں غلامی قبول نہیں کروں گا۔” انہوں نے کہا کہ یحییٰ خان نے بھی اپنے اقتدار کے لیے یہی کیا تھا اور پھر یہ ملک ٹوٹ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا ایکواڈور کو سخت انتباہ
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ایک شخص نے اپنے اقتدار کے لیے پی ٹی آئی کو تباہ کیا، الیکشن ہوا تو عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے لیے 26ویں ترمیم لائی گئی، میڈیا کو مکمل طور پر کنٹرول کیا گیا، رول آف لا/قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کا گلا گھونٹا گیا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس دور میں سب سے کم سرمایہ کاری آئی ہے، ملک کا قرضہ ڈبل ہوگیا ہے اور آپ نے قوم کو مقروض کر دیا ہے۔ افغانستان کو دھمکیاں دے کر افغانوں کو پاکستان سے نکالا جا رہا ہے۔ الیکشن سے پہلے پیش گوئی کی تھی کہ پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی — آج پیش گوئی کر رہا ہوں کہ پاکستان کے حالات بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بات چیت کے تمام راستے اپنائے مگر جھوٹی گواہیوں پر دس دس سال کی سزائیں دی جا رہی ہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی نے پارٹی لیڈرشپ کو ہدایت کی ہے کہ اب وقت ہے اصل اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا؛ اگر صحیح اپوزیشن نہ کی گئی تو آپ اپنی سیاسی قبریں خود کھودیں گے۔ گزشتہ دو تین سال میں اخلاقیات کا جنازہ نکل گیا، خواتین کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔ عمران خان نے لیڈرشپ کو کہا ہے کہ ڈر کے گھر میں بیٹھنے کا وقت نہیں — وہ چاہتے ہیں کہ 27 تاریخ کے جلسے میں پوری قوم نکلے۔







