مشرق وسطی

فلسطین سے غداری کے بعد امارات نے پاکستان سمیت 13 مسلم ممالک کیلئے ویزے بند کردیے

متحدہ عرب امارات نے ایران, ترکی اور پاکستان سمیت 13 مسلم ممالک کے شہریوں کو نیا ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایک حکم نامہ جاری کرکے اس پابندی سے آگاہ کیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ مذکورہ 13 ممالک سے نئے ملازمین کو بھرتی نہ کیا جائے۔

معاملے سے باخبر ایک افسر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سیکیورٹی خدشات پر حکومت نے عارضی طور پر افغانوں، پاکستانیوں اور متعدد دوسرے ممالک کے شہریوں کو ویزے جاری کرنا بند کردیا ہے لیکن افسر نے سیکیورٹی خدشات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

اماراتی حکومت کا حکم نامہ 18 نومبر کے بعد نافذ العمل ہوچکا ہے۔ جن ممالک کے شہریوں کو ویزے کے اجرا پر پابندی لگائی گئی ہے، ان میں ایران، شام، افغانستان، پاکستان، ترکی، الجیریا، کینیا، عراق، لبنان، تیونس، صومالیہ، لیبیا اور یمن شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ملازمت کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے شہریوں کے لیے ویزٹ ویزا پر بھی تاحکم ثانی پابندی ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے 2 ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات پر بعض مسلم ریاستوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ ایک سفارت کار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد بعض مسلم ریاستوں سے دوری اختیار کرلی ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں اور بعض دوسرے ممالک کے شہریوں کو نئے ویزے جاری کرنا بند کردیا ہے لیکن جو پہلے سے ہی ویزا رکھتے ہیں، وہ اس پابندی متاثر نہیں ہوں گے۔ وہ اپنے ویزے پر متحدہ عرب امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button