عراق

عراق: بغداد کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر میزائل حملہ

شیعت نیوز : عراقی سکیورٹی فورسز نے بتایا کہ سوموار کی شام کو بغداد کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر ایک میزائل حملہ کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ میزائل بغداد کے بین الاقوامی ائیر پورٹ کے جنوب میں ایک علاقے سے داغا گیا تھا تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔

عراق کی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت اور گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق، کاتیو شا راکٹ حملوں کے شکار التاجی ایئر بیس پر امریکی فوجی طیارہ تباہ

ایک مختصر بیان میں عراق کے سیکیورٹی میڈیا سیل نے بتایا کہ بغداد کے بین الاقوامی ائیر پورٹ کے نواح میں ایک میزائل گرا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ میزائل ہوائی اڈے کے جنوب میں واقع عرب خضیر کے مقام سے داغا گیا تھا۔ میزائل حملے کے بعد عراقی فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2019ء کے بعد عراق میں امریکی عسکری اور سفارتی تنصیبات پر 30 میزائل حملے کیے گئے تاہم حالیہ مہینوں میں ان حملوں میں کمی آئی ہے۔

دوسری جانب عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے شمالی علاقہ جات کے لئے خصوصی نمائندے سید صادق الحسینی نے المعلومہ نیوز چینل کو بتایا ہے کہ عراقی صوبہ دیالہ کے 5 اہم مقامات میں حشد الشعبی کی جانب سے دوبارہ وسیع آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سید صادق الحسینی نے بتایا کہ صوبہ دیالہ میں داعش کے خلاف حشد الشعبی کے کامیاب آپریشن کے بعد وہاں حشد الشعبی کی دوبارہ تعیناتی جاری سال کی سب سے بڑی فوجی تعیناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حشد الشعبی کی جانب سے شروع کیا گیا یہ سکیورٹی آپریشن داعش کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی خلاء کو دور کرنے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے جس میں داعش کے مکمل محاصرے، داعش کے اثرونفوذ کے تمام ذرائع کو مکمل طور پر مسدود کرنے اور صوبے کے اہم مقامات کی مکمل سکیورٹی کے پروگرامز شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button