صالح صماد کو امریکہ نے شہید کیا ہے، انصاراللہ
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ اعلی سیاسی کونسل کے سابق سربراہ کو امریکی انٹیلی جینس کے تعاون سے شہید کیا گیا ہے۔
انصاراللہ کے عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پاس ایسی ڈرون ٹیکنالوجی نہیں ہے کہ جس کے ذریعے چلتی گاڑی کو نشانہ بنایا جاسکتا ہو۔
مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ صالح الصماد نے اپنی شہادت سے پہلے بتا دیا تھا کہ امریکہ نے مغربی یمن کے ساحلی صوبے الحدیدہ پر سعودی حملوں سے اتفاق کر لیا ہے۔
اس سے پہلے انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے امریکہ کو اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد کے قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خون کا انتقام لیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ شہید صالح الصماد اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے دیگر ساتھیوں کی نماز جنازہ ہفتے کے روز دارالحکومت صنعا میں ادا کی جائے گی۔