گلگت بلتستان احتجاجستان بن چکا ہے، کاظم میثم کا سوست دھرنے سے خطاب
شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے سوست دھرنے میں موجود ہزاروں تاجران سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرہ میں حکومت تاجروں کو اعلانِیہ دیتی ہے، خصوصی گرانٹ دیتی ہے، خصوصی سہولیات اور مراعات دیتی ہے کیونکہ تاجران حکومت و ریاست کا بوجھ اٹھا رہے ہوتے ہیں اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کا ذریعہ تلاش کرتے ہیں۔ لیکن یہاں افسوس ہوتا ہے کہ ہمارے تاجران سے تجارت چھیننے کی کوشش کی جاتی ہے۔ گلگت بلتستان میں ہر قسم کا ٹیکس غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ وفاقی حکومت اور کسٹم حکام تجارت موافق پالیسی اپنا کر اس خطے کے عوام کو خصوصی سہولیات دینے کی بجائے تجارت کُش پالیسی اپنا کر عوام کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان واحد تجارتی راہداری کی بندش عالمی استعماری طاقتوں کا ایجنڈا ہوسکتا ہے جس پر عملدرآمد کسٹم حکام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رسولِ خدا ﷺ اور امام حسن مجتبیٰؑ اخلاق و سخاوت کی عظیم مثال ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گزشتہ روز تاجروں پر ایف سی حملہ انتہائی قابلِ مذمت ہے اور یہ گلگت بلتستان میں نفرتیں بونے کی کوشش ہے۔ جس طرح احتجاج کرنے والوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں وہ کسی بڑے پلان کا حصہ ہوسکتا ہے۔ اس عمل سے پورے گلگت بلتستان میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ پُرامن تاجران پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے۔ گلگت بلتستان میں گولیاں چلانے کی رسم ایجاد کرنا کسی طور درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جان بوجھ کر بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔ آج پورا جی بی احتجاجستان بن چکا ہے۔ صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لیں، وکلاء کے مطالبات حل کریں، تاجروں کے مطالبات حل کریں، اساتذہ کے مطالبات حل کریں، ویسٹ مینجمنٹ کے ملازمین کے مطالبات حل کریں، پولیس کے مطالبات حل کریں اور سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کریں۔







