رسولِ خدا ﷺ اور امام حسن مجتبیٰؑ اخلاق و سخاوت کی عظیم مثال ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

23 اگست, 2025 14:41

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے درگاہ کمال شاہ پر منعقدہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی اعلیٰ انسانی اخلاق کا مظہر اور "خلقِ عظیم” کی مالک تھی۔ آپ ﷺ جود و سخا، حلم و بردباری، جہاد فی سبیل اللہ، صبر، استقامت، شجاعت اور بہادری کی عظیم مثال تھے۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کرب ناک صورتحال کا شکار، علامہ احمد اقبال رضوی کا ردعمل

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام اخلاق و کردار، سیرت و صورت میں پیغمبر اسلام ﷺ کی شبیہ تھے۔ آپؑ نے دو مرتبہ اپنا سارا گھر کا سامان راہِ خدا میں فقراء و مساکین کے درمیان تقسیم کر دیا، جبکہ سواری کے باوجود 25 مرتبہ پیدل حج کیا۔ بے مثال سخاوت کی وجہ سے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کو "کریم آل محمدؐ” کہا جاتا ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سید الانبیاء محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذات گرامی پوری امتِ مسلمہ کے درمیان نقطہ اتحاد و وحدت ہیں۔ ماہِ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے۔ آج امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی و استکباری قوتوں کا مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں ہونے والے ظلم و بربریت نے امتِ مسلمہ کے دلوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے۔ شیعہ سنی متحد ہو کر غزہ کے مظلوموں کی مدد کریں اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور امریکا کے مظالم کا مقابلہ کریں۔

انہوں نے وطنِ عزیز پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے حکومتی انتظامات انتہائی ناکافی ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ حکمران اپنی شاہانہ طرزِ زندگی اور محلات کی تزئین و آرائش پر کروڑوں اور اربوں روپے خرچ کرتے ہیں، مگر سیلاب اور بارش میں ڈوبتے عوام کے لیے نہ کوئی ہیلی کاپٹر ہے اور نہ ہی ریلیف کے خاطر خواہ انتظامات۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

مجلسِ عزا سے مجلس علماء مکتبِ اہل بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی اور مولانا نور حسن نے بھی خطاب کیا۔

3:00 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔