ایم ڈبلیو ایم شمالی پنجاب کا سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عوامی مہم شروع کرنے کا اعلان
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ شمالی پنجاب کی ورکنگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس صوبائی ڈپٹی آرگنائزر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید ملازم حسین نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور متاثرین کی فوری امداد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان احتجاجستان بن چکا ہے، کاظم میثم کا سوست دھرنے سے خطاب
مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں علامہ ملازم حسین نقوی نے خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کے لیے بلاتاخیر عوامی سطح پر امدادی مہم کا آغاز کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ المبارک کے خطبات میں علمائے کرام عوام کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ترغیب دیں گے اور مساجد و اجتماعات کے باہر امدادی کیمپس قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں شریک تمام اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کی داد رسی اور امداد کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔







