ایران

امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں، ایرانی وزیرخارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دورہ نیو یارک کے موقع پر امریکی چینل ‘سی بی ایس’ کے پروگرام Face the Nation میں گفتگو کرتے ہوئے ایران کی پُرامن جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے مائک پومپیو کے حالیہ اعتراف پرکہا کہ مائک پومپیو نے یہ اعتراف کیا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن ہیں لیکن اس کے باوجود امریکہ نے ایران پر پابندیاں عائد کردیں جبکہ ایران نے ہرگز جوہری بم بنانے کا ارادہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا پومپیو کے اس بیان کے بعد ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ، ایران پرمزید پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اس لئے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی مخالفت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ مائک پومپیو نے جمعرات بارہ اپریل کو امریکی سینٹ کی خارجہ روابط کی کمیٹی کے اجلاس میں کہا تھا کہ ایران جوہری معاہدے سے قبل اور جوہری معاہدے کے بعد بھی جوہری ہتھیار بنانے کے درپے نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ جہاں تک میں جانتا ہوں ایران اس وقت بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش میں نہیں ہے۔

مائک پومپیو نے کہا کہ ایسی کوئی علامت نہیں ہے کہ ایرانیوں نے کبھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کی ہو یا آئندہ کریں گے۔

ایٹمی معاہدہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان طے پایا ہے جس پر جنوری دوہزار سولہ سے عمل درآمد بھی شروع ہوگیا ہے، لیکن امریکا اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اقوام متحدہ کے زیر اہتمام بین الاقوامی پائیدار ترقی کانفرنس میں شرکت کے لئے نیو یارک کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر دنیا کے مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے باہمی دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی ہے جبکہ وہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button