یمن پر صہیونی حملہ جنگی جرم، یمنی قوم سخت جواب دے گی، سپاہ پاسداران
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے یمن پر صہیونی حکومت کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی قوم ایمان، عزم اور دنیا کے حریت پسندوں کی حمایت کے ساتھ صہیونی حملوں کا سخت اور عبرتناک جواب دے گی۔
سپاہ پاسداران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صنعاء میں ہونے والا حملہ اور یمن کے وزیر اعظم احمد غالب ناصر الرہوی اور وزراء کی شہادت ایک کھلا جنگی جرم اور ریاستی دہشت گردی ہے۔ یہ حملہ نہ صرف انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ صہیونی حکومت کی درندگی اور سفاکیت کی دلیل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
بیان میں مزید کہا گیا کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامی، بالخصوص امریکہ، عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے سایے میں نسل کشی اور دہشت گردی میں مصروف ہیں۔ تاہم وحشیانہ جرائم کے ذریعے یمنی عوام کی جرات اور مزاحمت کو دبایا نہیں جا سکتا بلکہ شہداء کا خون خطے میں بیداری کو مزید بڑھائے گا۔
سپاہ پاسداران نے اسلامی ممالک، بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کریں تاکہ یمن اور غزہ کے مظلوم عوام کی عملی مدد کی جا سکے اور صہیونی جرائم کا سدباب ہو۔
بیان کے آخر میں سپاہ پاسداران نے شہداء یمن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مظلوم یمنی قوم کے ساتھ ہمیشہ کھڑی ہے اور صہیونی حکومت و اس کے حامیوں کے خلاف مقاومت جاری رہے گی، آخرکار حق اور اہلِ حق ہی کی فتح ہوگی۔







