امریکی فوجی عراق سے نکل جائیں، عراقی رکن پارلیمنٹ کا مطالبہ
ماجد الغراوی جو کہ عراق کی پارلیمینٹ کے سکیورٹی اور دفاع کمیشن کے رکن ہیں، انہوں نے سنجیدگی سے حکومت بغداد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی فوج کو ملک سے باہر نکال دے۔ الاتجاه ٹی وی چینل کے مطابق ماجد الغراوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوامی رضا کاروں نے داعش دہشتگردوں کو پیچھے دھکیلنے کے بعد ہر قسم کے خطرے سے اپنے ملک کے حفاظت کے لئے درکار صلاحیت کو ثابت کر دیا ہے۔ ماجد الغراوی نے مزید کہا کہ عراقی فوج، تمام سکیورٹی فورسز کہ جن میں پولیس، رضار کار لشکر اور سپیشل فورسز کی عظیم کامیابی کے بعد اب وہ وقت آگیا ہے کہ امریکی فوج، تمام فورسز و غیر ملکی یونٹس، جن میں ترکی کے فوجی یونٹس یا فوجی مشیر بھی شامل ہیں، عراق سے نکل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ درپیش بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اب ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز کو دوبارہ سے منظم کرنے کی ضرورت ہے، لیکن اپنی سکیورٹی اور دیگر مسائل میں غیر ملکیوں پر انحصار عراق کو ایک کمزور ملک میں تبدیل کر دے گا۔