پاکستانی میڈیا کا اسرائیلی کنیسٹ کی کارروائی دکھانا قومی نظریے سے انحراف ہے، علامہ یاسر سبزواری
شیعیت نیوز : آزاد کشمیر صدر مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر، علامہ ڈاکٹر سید یاسر عباس سبزواری نے پاکستانی میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے "قومی غیرت اور صحافتی اقدار کے خلاف عمل” قرار دیا ہے۔
علامہ سبزواری نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض میڈیا اداروں کا یہ اقدام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی خارجہ پالیسی اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی موقف سے کھلی بغاوت ہے۔
ان کے مطابق، اس پست عمل سے نہ صرف وقارِ صحافت مجروح ہوا بلکہ پاکستان کے نظریاتی تشخص پر بھی کاری ضرب لگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم تکفیری جماعت تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کارکنوں کو تشدد پر اکسا کر خود غائب
انہوں نے مزید کہا کہ اس حرکت سے ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
علامہ سبزواری کے مطابق، ان میڈیا اداروں نے “اپنی پست اخلاقی اور غیر قومی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحافت کے مقدس پیشے سے بے وفائی کی ہے۔”
صدر مجلس وحدت مسلمین نے پیمرا سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ یہ عمل پاکستان کے نظریاتی تشخص اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے خلاف ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس واقعے پر ریاستی سطح پر خاموشی اختیار کی گئی تو عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ اسرائیل کو بتدریج تسلیم کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، جو کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔
علامہ سبزواری نے کہا کہ پاکستان کے عوام، مذہبی و سیاسی قیادت اور صحافی برادری کو اس نظریاتی محاذ پر بیدار رہنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی بھی کوشش "لا الٰہ الا اللہ” کے بنیادی نظریے سے انحراف کے مترادف ہے۔







