امریکی صدر ٹرمپ کی اسرائیلی پارلیمنٹ میں تقریر نشر کرنا شرمناک اور قومی نظریے سے انحراف ہے، آئی ایس او
شیعیت نیوز: کراچی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (آئی ایس او) کے مرکزی صدر سید امین شیرازی نے پاکستانی میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں کی گئی تقریر کو براہِ راست نشر کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک اور قابلِ مذمت اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مین اسٹریم میڈیا کا یہ عمل قومی غیرت، نظریۂ پاکستان اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مؤقف کی توہین کے مترادف ہے۔
سید امین شیرازی کے مطابق، پاکستانی میڈیا نے “مظلوم فلسطینی عوام کے زخموں پر نمک پاشی” اور “ظالم کے بیانیے کو تقویت دینے” والا کردار ادا کیا ہے، جو کسی بھی طور پر قومی یا اسلامی مفاد میں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم تکفیری جماعت تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کارکنوں کو تشدد پر اکسا کر خود غائب
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میڈیا کے اس غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل پر سخت احتساب ہونا ضروری ہے، تاکہ کوئی ادارہ آئندہ نظریۂ پاکستان سے خیانت یا امتِ مسلمہ کے اجتماعی بیانیے سے انحراف نہ کر سکے۔
آئی ایس او کے صدر نے کہا کہ پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ ایسے کسی بھی بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے جو ظالم کے حق میں اور مظلوم کے خلاف ہو۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کا فریضہ حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، نہ کہ سامراجی طاقتوں کے بیانیے کو فروغ دینا۔







