اسرائیل کو ناجائز ریاست ماننے کا مؤقف قائداعظم کے اصولی نظریے کا تسلسل ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے شاہنواز مری میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کے حوالے سے ہمارا مؤقف وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا تھا، ہم اسرائیل کو ناجائز ریاست سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین آغا منور جعفری، اصغر علی سیٹھار، مولانا منور حسین سولنگی بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین ضلع بے نظیر آباد کے صدر مولانا سجاد علی محسنی کی قیادت میں تعلقہ رہنما ڈاکٹر عبدالعزیز، یونٹ صدر مشتاق حسین مری اور دیگر تنظیمی ذمہ داران بطور میزبان موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : لکھنؤ میں معروف عالم دین مولانا سید کلب جواد پر حملہ
علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے شہداء کے پاکیزہ لہو کی برکت سے آج مسئلۂ فلسطین پوری دنیا کا سب سے بڑا اور بنیادی انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف وہی ہے جو بانیِ پاکستان کا تھا۔ ہم اسرائیل کو ناجائز ریاست سمجھتے ہیں، اور دو ریاستی حل کے نام پر غاصب اسرائیل کے ناجائز قبضے کو قانونی حیثیت دینا سنگین جرم ہے۔
علامہ ڈومکی نے تنظیمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبۂ سندھ میں تنظیمی فعالیت میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ تعلقہ کابینہ کو مضبوط اور یونٹس کو فعال بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نَو نکاتی تنظیمی پروگرام پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ وطنِ عزیز میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت، عالمی استکباری قوتوں (امریکہ و اسرائیل) کے خلاف دوٹوک مؤقف، اور پاکستان کی خودمختاری و ترقی مجلس وحدت مسلمین کے ویژن کا بنیادی حصہ ہیں۔







