عراق

داعش کے تمام دہشت گردوں کو ہلاک یا گرفتار کر لیں گے

رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ النوری مسجد پر فوج کا کنٹرول اور اس تاریخی مسجد سے دہشت گردوں کے صفائے کا مطلب عراق سے داعش کی باطل حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔ عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مسجدالنوری کو آزاد کرانے کے آپریشن میں چھے سو سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
النوری مسجد وہی جگہ ہیں جہاں سے داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی نے جون دوہزارچودہ میں اپنی نام نہاد خلافت کا اعلان کیا تھا۔
درایں اثنا عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنے معمول کے پروگرام کو روک کر قومی ترانے نشر کر کے موصل کی مکمل آزادی کی خبر کا خیرمقدم کیا۔
عراق کی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل سے ہمیشہ کے لئے داعش کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ شہر موصل کا کوئی بھی علاقہ اب داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے میں نہیں ہے اور اس دہشت گرد گروہ کی صفوں میں زبردشت انتشار پیدا ہوچکا ہے اور وہ ٹوٹ چکا ہے۔
عراق کی وزارت دفاع نےتاکید کے ساتھ کہا کہ موصل سے داعش دہشت گردوں کے پوری طرح خاتمے کے حتمی اعلان میں اب زیادہ دیر باقی نہیں رہی ہے۔
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بھی کہا ہے کہ موصل کے مرکز میں واقع النوری مسجد اس شہر کی علامت شمار ہوتی ہے اور اسٹریٹیجک لحاظ سے نہایت اہم ہے۔
ابراہیم جعفری نے کہا کہ موصل میں عام شہریوں کی موجودگی، ابتدائی دنوں میں فوجی کارروائیوں میں مشکلات پیدا ہونے کا باعث بنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ داعش دہشت گرد عام فوجیوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اسی بنا پر آپریشن طول پکڑ گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے موصل کی آزادی کو عراق کی تقسیم کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کی ناکامی قرار دیا۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ علاقے میں امریکی پالیسیوں کا ایک اصلی محور صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت امریکیوں کو سب سے زیادہ تشویش عراق و شام میں استقامتی محاذ کی کامیابیوں اور داعش کی پے در پے شکست سے ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ امریکہ نے داعش کو شکست سے بچانے کے اپنے تمام وسائل استعمال کئے تاہم استقامتی محاذ نے عراق و شام میں امریکیوں کو دھول چٹا دی۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس، شام میں امریکی منصوبے کے نتیجہ خیز ہونے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button