عراق: دہشت گردوں کے خلاف ایک اور آپریشن
رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کی اس کارروائی کا مقصد ترکی کی سرحدوں سے داعش دہشت گرد گروہ کے رابطے منقطع کرنا اور ساتھ ہی الحدباء کے علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کو شکست دینا ہے۔ عراقی فوج کا خیال ہے کہ ترکی کی سرحدوں سے اگر داعش کے رابطے منقطع نہ کئے گئے تو یہ دہشت گرد گروہ ، ترکی کی سرحدوں سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
عراقی فوج نے ایسی حالت میں اس حساس آپریشن کا آغاز کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ، اس علاقے پر اپنا قبضہ جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس رو سے موصل کے شمال میں واقع الحدباء کا علاقہ ایک اہم اسٹریٹیجک علاقہ شمار ہوتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے موصل کو آزاد کرانے کے لئے سترہ اکتوبر کو ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کی ہے جس کے نتیجے میں عراقی فوج کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اس کی پیشقدمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف اس فوجی آپریشن میں عراقی فوج کو عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کا بھی تعاون حاصل ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی پارلیمنٹ میں حال ہی میں ایک بل منظور کیا گیا ہے جس میں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کو فوج کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔