عراق

عراق: امریکی اتحاد کے فضائی حملے میں بیس افراد جاں بحق

عراق پر امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں قبائلی فورس کے بیس افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

عراق سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کے قریبی علاقے پر بمباری کی۔ اس بمباری میں دہشت گرد گروہ داعش کے ساتھ جنگ میں عراقی فوج کی مدد کرنے والی قبائلی فورس کے بیس افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

عراق کی شفق نیوز ویب سائٹ نے بھی لکھا ہے کہ اس بمباری کے دوران جنوبی موصل کے علاقے قیارہ میں واقع خرائب نامی دیہات میں ایک گھر بھی تباہ ہوگیا ہے ۔ یہ گھر قبائلی فورس کا مرکز شمار ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد نے سنہ دو ہزار چودہ کے موسم گرما سے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے بہانے عراق اور شام کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے لیکن ابھی تک اس کو داعش کے خلاف کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔

اس اتحاد نے ستمبر سنہ دو ہزار چودہ سے شام کی حکومت اور اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے مقابلے کے بہانے شام پر فضائی حملے شروع کر رکھے ہیں۔

امریکی اتحاد پر بارہا یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس کے فضائی حملوں میں عام شہریوں کا قتل عام ہوا ہے اور شام اور عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کی پیش قدمی روکنے کے سلسلے میں اس کے حملے موثر واقع نہیں ہوئے ہیں۔

سیاسی مبصرین مشرق وسطی میں امریکہ کی فوجی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ امریکہ کے فضائی حملے صرف ہتھیار بنانے والے امریکیوں کے فائدے میں ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button