اسرائیل کے مظالم ’’جنایتِ قرن‘‘ ہیں، 20 ہزار بچے اور 12 ہزار خواتین شہید ہو چکیں: سید عبدالملک الحوثی
شیعیت نیوز: صنعا میں اپنے ہفتہ وار خطاب میں یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم ’’جنایتِ قرن‘‘ ہیں، جن کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو 703 دن گزر چکے ہیں، اس دوران 20 ہزار سے زائد بچے اور 12 ہزار 500 خواتین شہید ہو چکی ہیں، جبکہ ہزاروں خاندانوں کا نام غزہ کے سرکاری ریکارڈ سے مٹا دیا گیا ہے۔ دشمن مکمل نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کو گرسنگی کے ذریعے موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اوسلو میں مسجد توحید کے زیر اہتمام جشنِ میلاد النبیؐ و ہفتۂ وحدت کی پروقار تقریب
سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ اسرائیل پانی، خوراک اور ادویات تک کو ہدف بنا رہا ہے، حتیٰ کہ ان لوگوں پر بھی حملہ کرتا ہے جو پانی کی تلاش میں نکلتے ہیں۔ 90 فیصد غزہ کا شہری ڈھانچہ تباہ کیا جا چکا ہے، اسپتال، اسکول اور مساجد نشانہ بنائی جا رہی ہیں تاکہ آئندہ نسل کو تعلیم و عبادت سے محروم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ پر روزانہ حملے معمول بنا دیے گئے ہیں، تاکہ مسلمانوں کی مقدسات کی بے حرمتی کو عام کر دیا جائے۔ قدس کی اسلامی شناخت کو مٹانے اور اس کے نام و پتے تک بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ نے مغربی کنارے کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام گھروں پر حملوں، گرفتاریوں اور تشدد کے ذریعے بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ صہیونی منصوبہ صرف فلسطین تک محدود نہیں بلکہ لبنان، شام، اردن، مصر اور عراق سمیت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لینا چاہتا ہے، اور امریکہ اس منصوبے میں برابر کا شریک ہے۔
سید عبدالملک الحوثی نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے قطر کی خودمختاری پر حملہ کرکے پورے خلیج فارس کے ممالک کی توہین کی ہے، اور اس میں امریکہ براہ راست شریک تھا۔
انہوں نے کہا کہ یمن پر اسرائیلی حملوں میں کئی سرکاری شخصیات کو نشانہ بنایا گیا، لیکن اس سے اسرائیل کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اس کے جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔
رہبر انصاراللہ نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے غزہ کے دفاع میں گزشتہ دو ہفتوں میں 38 ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن سے اسرائیل کے کئی شہروں اور بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
خطاب کے اختتام پر سید عبدالملک الحوثی نے یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی حمایت اور اسلامی یکجہتی کے اظہار کے لیے کل ہونے والے عظیم الشان احتجاجی مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔







