یمن کا اسرائیل پر بڑا حملہ: ہائپر سونک میزائل "فلسطین2” اور ڈرونز سے النقب و رامون ایئرپورٹ نشانہ
یحیی سریع: کارروائیاں فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے جواب میں کی گئیں

شیعیت نیوز: صنعا ┇ یمنی مسلح افواج نے صہیونی حکومت کے زیر قبضہ علاقوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع کے مطابق النقب کے علاقے میں ایک فوجی ہدف کو ہائپر سونک میزائل "فلسطین 2” سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی تین ڈرون حملے بھی انجام دیے گئے جن میں دو ڈرون رامون ایئرپورٹ اور ایک ڈرون النقب میں اسرائیلی فوجی تنصیبات پر مارا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قرآنِ مجید پیغمبر اکرمؐ کی سیرت و کردار کا مجموعہ ہے، علامہ ڈاکٹر یعقوب بشوی
میجر جنرل یحیی سریع نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں فلسطینی عوام اور ان کے مجاہدین کی حمایت اور اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری نسل کشی کے جواب میں کی گئی ہیں۔ ان کے بقول ہائپر سونک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی شہری پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہو گئے۔
یمنی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرون یونٹس کی کارروائیاں بھی مکمل طور پر کامیاب رہیں اور اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یمن کی مسلح افواج خدا کی مدد اور اس پر توکل کے ساتھ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتی رہے گی۔