ناروے میں مسجد توحید کے زیر اہتمام جشنِ میلاد النبیؐ و ہفتۂ وحدت کی پروقار تقریب
شیعیت نیوز: ناروے کے دارالحکومت اوسلو کی مسجد توحید میں جشنِ میلاد النبیؐ اور ہفتۂ وحدت کے سلسلے میں ایک شاندار و پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ پروگرام کی قیادت حجۃ الاسلام والمسلمین شمشاد حیدر نے کی، جس میں علمی و مذہبی شخصیات سمیت اہلسنت والجماعت اور مختلف مراکز کے برادران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : پیغمبر اکرمؐ و امام صادقؑ کی معرفت ہی حقیقی نجات کا راستہ ہے: آیت اللہ میرباقری
تقریب کا آغاز مرکز کوثر النبی اسلو کے معروف قاری، آقای محمد زاہد افغانی کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد خوش الحان نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالتِ مآبؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیے۔
اس موقع پر ورلڈ اسلامک مشن کے قاری اشرف، ادارہ منہاج القرآن کے مولانا محمد اقبال فانی، انجمن حسینی ناروے کے دکتر مولانا سید زوار حسین نقوی، مرکز ثقافتی اسلامی کے مولانا سلیم علوی، اسلامک سینٹر کے مولانا محمد فروسیت، مسجد توحید کے شیخ محمود جلول اور حجۃ الاسلام والمسلمین شمشاد حیدر نے خطابات کیے۔
علماء کرام نے امت مسلمہ کی موجودہ زبوں حالی، فلسطین و غزہ کے حالات اور سیرتِ نبیؐ کی روشنی میں عملی رہنمائی کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے اراکین سمیت مختلف عرب اور غیر ملکی مراکز کے مسلمان بھی شریک ہوئے۔







