قرآنِ مجید پیغمبر اکرمؐ کی سیرت و کردار کا مجموعہ ہے، علامہ ڈاکٹر یعقوب بشوی
شیعیت نیوز: سکردو میں گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد سکردو میں ہفتۂ وحدت اور جشن صادقین کی مناسبت سے ایک عظیم الشان محفل منعقد ہوئی، جس کی صدارت بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کی۔ اس بابرکت محفل میں علمائے کرام اور مؤمنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے مظالم ’’جنایتِ قرن‘‘ ہیں، 20 ہزار بچے اور 12 ہزار خواتین شہید ہو چکیں: سید عبدالملک الحوثی
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے کہا کہ قرآنِ مجید دراصل پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و کردار کا مجموعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں رسول اکرمؐ کی فضیلتوں اور عملی پہلوؤں کو بیان کیا تاکہ امت ان کی سیرت کو اپنائے اور اس پر عمل کرے۔
ڈاکٹر یعقوب بشوی نے سورۂ توبہ کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: کچھ منافقین پیغمبر اکرمؐ کو ’’اُذُن‘‘ یعنی کان کہہ کر طعنہ دیتے تھے، کیونکہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر ایک کی بات صبر و تحمل کے ساتھ سنتے تھے۔ قرآن کہتا ہے: پیغمبر کا اذن ہونا تمہارے لیے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرمؐ کی یہ صفت تھی کہ جو بھی آپ کی خدمت میں حاضر ہوتا، آپؐ اس کی بات کو سنتے، اس کی عزت کرتے اور احترام دیتے۔ لیکن آج ہمارے معاشرے میں جنہیں رہبری کا دعویٰ ہے، وہ ووٹ لینے کے وقت تو عوام کے پاس آتے ہیں لیکن بعد میں عوام کے سلام کا جواب دینے اور ان کی بات سننے کے روادار بھی نہیں رہتے۔ یہی وہ فرق ہے جو ہمیں حقیقی سیرتِ نبویؐ کی طرف متوجہ کرتا ہے۔







