اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا اسرائیلی نمائندے کو کرارا جواب

12 ستمبر, 2025 11:12

شیعیت نیوز: نیویارک ┇ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے صیہونی نمائندے کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ ایک جارح اور قابض ملک یعنی اسرائیل اس ایوان کا غلط استعمال کرے اور اس کے تقدس کی توہین کرے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسرائیل نے دوسروں پر انگلیاں اٹھا کر اپنی ہی غیر قانونی کارروائیوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کی کوشش کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ایسا قابض ہے جو کسی کی نہیں سنتا، حتیٰ کہ اپنے قریبی دوستوں کی بھی نہیں، اور عالمی اداروں کو دھمکاتا ہے۔ ’’یہ عالمی عدالتِ انصاف اور عالمی فوجداری عدالت کی بھی نہیں سنتا اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی دھمکاتا ہے، کیونکہ اسے اپنے حامیوں کی ڈھال میسر ہے‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: یمن کا اسرائیل پر بڑا حملہ: ہائپر سونک میزائل “فلسطین2” اور ڈرونز سے النقب و رامون ایئرپورٹ نشانہ

پاکستانی سفیر نے کہا کہ دہائیوں سے اس کونسل میں مشرقِ وسطیٰ اور مسئلہ فلسطین پر بحث اس لیے جاری ہے کیونکہ اسرائیل اپنی غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے سے انکار کرتا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں یہ مباحثے بار بار دہرانے پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے بارے میں گمراہ کن ریمارکس بھی دیے تاکہ اپنی ہی غیر قانونی کارروائیوں کو درست ثابت کر سکے۔ ’’پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہم نے صفِ اول کا کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دیں۔ پوری دنیا اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کاوشوں کے نتیجے میں القاعدہ بڑی حد تک ختم ہو گئی‘‘۔

عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان کسی غیر ذمہ دار بدنامِ زمانہ ریاست کی اشارہ بازی کو قبول نہیں کر سکتا۔ ’’وہ ریاست دراصل بدترین ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہے جسے ہم غزہ اور دہائیوں سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دیکھ رہے ہیں‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی جھوٹے موازنہ کو مسترد کرتے ہیں۔ اجلاس میں قطر پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کونسل کے اراکین نے شہریوں کی ہلاکت پر گہرا افسوس اور قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

5:56 شام اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔