شمالی عراق میں متعدد دہشت گرد ہلاک
عراق نیوز ایجنسی ( واع ) کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر میثم الزیدی نے جمعے کو کہا کہ کرکوک کے جنوب مغربی علاقے ارشاد میں داعش کے ٹھکانوں پرعوامی فورس کے میزائل حملوں میں کم از کم ساٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے – اس کارروائی میں بھاری مقدار میں دہشت گردوں کے ہتھیار اور فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں-
عراقی فوج کے الانبار آپریشن کے کمانڈر اسماعیل المحلاوی نے کہا ہے کہ فوج کے حملے میں بیس داعش دہشت گرد مارے گئے ہیں اور ان کا ایک ڈرون طیارہ بھی تباہ کردیا گیا ہے- فلوجہ کے شمالی اور جنوب مغربی علاقوں ، الصقلاویہ اور البوھراط میں فوج کی کارروائیوں میں متعدد داعشی دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے-
ادھرعراق کی مشترکہ فوجی ہائی کمان نے جمعے کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس اور فضائیہ کے تعاون سے صوبہ الانبار کے اسٹریٹیجک اہمیت کے شہر ہیت کو داعش کے قـبضے سے پوری طرح آزاد کرالیا ہے ۔ عراق کی مشترکہ فوجی ہائی کمان نے بتایا ہے کہ شہر کو داعش سے پوری طرح پاک کرنے کی کارروائی میں ایک سو بیس سے زائد دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی افواج نے شہر ہیت کو آزاد کرانے کے لئے اکتیس مارچ کو آپریشن شروع کیا تھا۔ یہ شہر صوبہ الانبار کے مغربی علاقوں کو شہر الرمادی ، شمالی صوبے صلاح الدین اور شام سے ملنے والی سرحدوں سے ملاتا ہے ۔