داعش کے خلاف عراقی افواج کی کارروائیاں
رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الانبار کے شہر الرمادی کے شمال مشرق میں واقع علاقے السجاریہ میں داخل ہونے کے بعد فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے ساٹھ فیصد سے زائد علاقوں پر اپنا کنٹرول قائم کرلیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر السجاریہ کا ساٹھ فیصد سے زائد علاقہ پوری طرح عراقی افواج کے کنٹرول میں ہے اور شہر کی آزادی کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کی گئ ۔ عراقی ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش السجاریہ کے بہت سے شہریوں کو یرغمال بنا کے ان سے انسانی ڈھال کے طور پر کام لے رہا ہے اس وجہ سے بقیہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن میں کافی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے ۔ عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ الانبار کے علاقے الکرمہ میں داعش کا ایک کمانڈر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق الکرمہ میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایک مشترکہ آپریشن میں داعش کا ایک سرغنہ عمر اللہیبی اپنے تین معاونین کے ساتھ ہلاک ہوگیا۔