مقبوضہ فلسطین

فلسطینی طلبا و طالبات پر صیہونی فوجیوں کا حملہ

الاقصی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو مسجد الاقصی کے جنوب میں سلوان علاقے میں فلسطینی اسکولی طلبا و طالبات پر حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے فلسطینی طلبا و طالبات کی طرف پلاسٹک کی گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ اسرائیلی فوجی اور انتہا پسند صیہونی آبادکار غرب اردن میں فلسطینی اسکولوں پر اکثر حملے کرتے رہتے ہیں۔

ادھر صیہونی ذرائع نے فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائی میں چار اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق صیہونیت مخالف تازہ کارروائی میں ایک فلسطینی نوجوان نے جمعرات کو غرب اردن کے علاقے بیت عاریہ میں اپنی گاڑی سے چار اسرائیلی فوجیوں کو زخمی کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی نوجوان کو گولی مارکر شہید کردیا۔ اس فلسطینی کی شہادت کے بعد یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی انتفاضہ قدس کے دوران صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو اٹھارہ ہوگئی ہے۔ اس دوران کئی ہزار فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button