مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی شہید

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر الخلیل کے شمال میں ایک بیس سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مارکر شہید کردیا۔

صیہونی ذرائع نے الزام لگایا ہے کہ یہ فلسطینی نوجوان ایک صیہونی فوجی پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجی پر حملہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ اس فلسطینی نوجوان نے چاقو سے صیہونی فوجی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں نے بلا جواز فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان کو شہید کیا ہے۔

ادھر الاقصی ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ قدس میں ایک فلسطینی کو گولی مارکر شہید کردیا ہے۔

واضح رہے کہ انتفاضہ قدس کے دوران یکم اکتوبر سے اب تک فلسطین کے مختلف علاقوں میں سڑسٹھ فلسطینی شہری صیہونیوں کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں۔ اس دوران دو ہزار ایک سو سے زیادہ فلسطینی صیہونیوں کے ہاتھوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ مسجدالاقصی اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے تشدد آمیز اقدامات میں شدت، انتفاضہ قدس کے آغاز کا سبب بنی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button