یمن

یمنی فوج اور عوامی فورس کا القاعدہ کےخلاف آپریشن

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکار ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے اتوار کے دن جنوبی یمن میں واقع صوبۂ لحج میں سعودی عرب کی آٹھ فوجی گاڑیوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں سعودی عرب کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ یمن کے فوجیوں اور عوامی فورس کے اہلکاروں نے صوبۂ لحج میں واقع مثلث صبر نامی علاقے میں بھی دہشت گرد گروہ القاعدہ کے متعدد عناصر اور سعودی عرب کے پٹھوؤں کو ہلاک کر دیا۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے جنوبی یمن میں تعز کے بعض علاقوں سے مسلح افراد کو پسپا کر دیا۔ یمن کی فوج نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان میں واقع ایک فوجی چھاؤنی پر بھی حملہ کیا۔ اس حملے میں سعودی عرب کی دو فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں نے صوبۂ صعدہ کے شہر باقم کے آل قراد، شامیہ اور القہر علاقوں پر چار مرتبہ بمباری کی۔ اس وحشیانہ بمباری میں یمن کے دو شہری شہید ہو گئے۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبۂ تعز کے الہشمہ علاقے میں ایک رہائشی مکان پر بھی حملہ کیا جس میں آٹھ خواتین شہید ہو گئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button