یمن: رہائشی علاقوں پر سعودی بمباری میں دسیوں عام شہری شہید
اطلاعات کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے ایک گاؤں قدم میں واقع پانی کے ایک چشمے پر بمباری کی- اس بمباری میں چشمے پر پیاس بجھانے کی غرض سے پانی بھرنے والے دس عام شہری شہید ہوگئے- شہید ہونے والوں میں چار عورتیں بھی شامل ہیں- ادھر سعودی جنگی طیاروں نےدارالحکومت صنعا کے دو قدیم علاقوں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے- اطلاعات کے مطابق اس بمباری میں کئی رہائشی مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں- دریں اثنا یمنی فوج نے تحریک انصاراللہ سے وابستہ عوامی کمیٹیوں کی مدد سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے ظہران میں واقع کئی چیک پوسٹوں پر میزائل حملہ کیا ہے جبکہ فوجی ذرائع نے یمن کی سرحد پر واقع سعودی عرب کے کوہ الدود اور الغاویہ علاقوں پر یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں کے کنٹرول کی خبر دی ہے- دوسری طرف یمنی قبائل نے جمعرات کو سعودی عرب کی سرحد کے پاس ہونے والی جھڑپ میں سعودی عرب اور بحرین کے کم سے کم دس فوجیوں کو گرفتار کرلیا- اس جھڑپ میں کئی سعودی اور بحرینی فوجی ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں- ادھر انصاراللہ سے وابستہ عوامی کمیٹیوں کے افراد نے صوبہ عدن کے ایک علاقے پر پوری طرح سے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔