شام: ڈیڑھ سو عیسائیوں کے اغوا کی تصدیق
شام میں دہشت گرد گروہ داعش نے کم از کم ایک سو پچاس عیسیائیوں کو اغوا کر لیا ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک نے رویٹرز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اردن کے دارالحکومت امان میں شام کی سریانی قومی کونسل کے سربراہ بسام اسحاق نے کہا ہے کہ اس کونسل نے اس خبر کی تصدیق کرلی ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے کم از کم ڈیڑھ سو عیسائيوں کو اغوا کر لیا ہے جن میں عورتیں اور ادھیڑ عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔ شام کی سریانی قومی کونسل شام کی ایک عسیائي تنظیم ہے جو شام کے اندر اور باہر متعدد غیر سرکاری تنظیموں کی نمائندہ سمجھی جاتی ہے۔ شامی حکومت کے مخالفین سے وابستہ شام کے ہیومین رائٹس واچ مرکز نے بھی اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ الحسکہ کے مغرب میں عیسائي آبادی والے دیہاتوں پر داعش دہشت گردوں کے حملے کےدوران نوے آشوری عیسائیوں کو اغوا کر لیا گيا ہے۔ الحسکہ شام کے شمال مشرق میں واقع ہے جس کی آبادی تقریبا دو لاکھ ہے جو کردوں عربوں اور آشوری عیسائیوں پر مشتمل ہے۔ یہ علاقہ داعش کے خلاف جنگ میں اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔