قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے زیر اہتمام اقبال شناسی پر علمی نشست
شیعیت نیوز : قم المقدسہ میں جامعہ روحانیت بلتستان کے شعبہ تحقیق کے زیر اہتمام حکیم الامت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اور افکار کے تعارف کے لیے "اقبال شناسی کیوں اور کیسے؟” کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی۔
نشست کی نظامت جامعہ روحانیت بلتستان کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام شیخ حسن حسرت نے کی، جبکہ شعبہ تحقیق کے نگران شیخ بشیر دولتی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی مختلف موضوعات پر علمی و تحقیقی نشستوں کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اقبال پاکستانی قوم کے اجتماعی شعور کا حصہ ہیں، سفیر پاکستان برائے ایران
نشست سے قم میں فلسفہ و عرفان کے طالب علم اور اقبالیات میں ایم اے کی سند رکھنے والے مولانا منظوم ولایتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کے عہد کے معاشی، سیاسی اور سماجی حالات سے آگاہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اقبال کے فکری ارتقا کو تشکیل فکر، انقلاب فکر اور پختگی فکر کے تین ادوار میں تقسیم کیا اور کہا کہ آخری دور میں اقبال کی توجہ دنیا بھر کے مظلوموں، بالخصوص مسلمانوں کے مسائل اور ان کے حل پر مرکوز رہی۔
مولانا منظوم ولایتی نے کہا کہ اقبال کو محض شاعر، ادیب یا فلسفی کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ ان کے افکار کو عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، کیونکہ وہ فلسفہ خودی، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفاداری، قرآن مجید سے وابستگی اور امام حسین علیہ السلام سے رموز قرآن سیکھنے کا درس دیتے ہیں۔







