اقبال پاکستانی قوم کے اجتماعی شعور کا حصہ ہیں، سفیر پاکستان برائے ایران

12 نومبر, 2026 15:41

شیعیت نیوز : تہران میں مؤسسہ فرهنگی اکو کے زیر اہتمام خورشید مشرق کے عنوان سے ایک خصوصی ادبی و ثقافتی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شخصیت، فکری نظریات اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل، مؤسسہ فرهنگی اکو کے صدر اور پاکستان کے سفیر سمیت رکن ممالک کے سفارتی نمائندوں، دانشوروں اور شعرا نے شرکت کی۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر برائے ایران عمران احمد صدیقی نے کہا کہ علامہ اقبال پاکستانی قوم کے اجتماعی شعور کا حصہ ہیں اور ان کی شاعری نے ایک ایسے سیاسی تصور کو آواز دی جو بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا۔ انہوں نے 1930ء کے خطبہ الہ آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد سیاسی مستقبل کا تصور اقبال کے تاریخی وژن کا اہم حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں : مکتب اقبال کا بنیادی ستون مزاحمت و مقاومت ہے، ذلت و تسلیم نہیں، علامہ سید جواد نقوی

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اقبال کی فکری اور روحانی دنیا پاکستان کی سرحدوں سے کہیں زیادہ وسیع تھی اور ان کا پیغام پوری انسانیت سے مخاطب ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سے باہر ایران شاید وہ ملک ہے جہاں اقبال کے افکار اور ایرانی تہذیب کے درمیان سب سے زیادہ فطری ہم آہنگی پائی جاتی ہے، اور اقبال کے تصور میں ایران محض جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک فکری اور روحانی سرزمین کی حیثیت رکھتا تھا۔

مقررین نے زور دیا کہ اقبال کا پیغام کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں بلکہ مشرقی اقوام کے لیے فکری بیداری، خود شناسی اور اتحاد و یکجہتی کا ذریعہ ہے۔ تقریب کا آغاز علامہ اقبال کی زندگی پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم سے ہوا، جبکہ صدر مؤسسہ فرهنگی اکو نے اقبال کے اردو اور فارسی شعری سفر پر روشنی ڈالی۔

4:00 شام نومبر 12, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔