اسرائیل سے متعلق پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ترجمان دفتر خارجہ

22 نومبر, 2026 15:17

شیعیت نیوز : ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی، جبکہ فلسطین کی حمایت اور مقبوضہ سرزمین کی آزادی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے نمائندے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حالیہ ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات ہرگز دوطرفہ نوعیت کی نہیں تھی اور نہ ہی اس میں قومی سطح کے معاملات زیر بحث آئے، بلکہ یہ تخفیف اسلحہ کانفرنس کے طے شدہ ضوابط اور انتظامات کے تحت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی سفیر سے ملاقات پر پاکستانی سفیر کو برطرف کیا جائے، حافظ کاظم عباس

ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستان کے مستقل مندوب اس وقت تخفیف اسلحہ کانفرنس کی گردشی صدارت سنبھالے ہوئے ہیں اور حال ہی میں ترکی، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے نئے نمائندوں کی اسناد بھی وصول کر چکے ہیں۔ اسی سلسلے میں اسرائیل نے بھی اس کثیرالجہتی فورم کے 65 ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے اپنی اسناد پیش کیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ کے وسطی علاقوں میں غاصب اسرائیل کی جاری فوجی کارروائیوں اور خان یونس میں طبی مراکز پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم پر اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد فلسطین کے صف اول کے حامیوں میں شامل ہیں اور پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ایرانی تجویز کا خیرمقدم کرتا ہے۔

3:31 شام نومبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔