کراچی کے عزاداروں پر مقدمات کیخلاف انجمن امامیہ بلتستان کا اظہار یکجہتی
شیعیت نیوز : انجمن امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ کا اجلاس امامیہ مرکز، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں صدر انجمن حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کراچی میں ایام فاطمیہ کے سلسلے میں عزاداروں کے خلاف درج ایف آئی آرز کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔
شرکاء نے عزاداری اہل بیت علیہم السلام میں رکاوٹیں ڈالنے کو یزیدی طرز فکر قرار دیا۔ اجلاس میں بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت متعدد شیعہ علمائے دین کو عمر قید اور چار دیگر مذہبی شخصیات کو پندرہ پندرہ سال قید کی سزاؤں کی بھی مذمت کی گئی اور انہیں مذہبی آزادی کے منافی قرار دیتے ہوئے علماء کے خلاف کارروائیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سرجانی ٹاؤن ایف آئی آر کے خاتمے کیلئے ملی جماعتوں کی انتظامیہ سے ملاقات
اجلاس میں بزرگ مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر عالم اسلام، علمائے کرام اور حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی خدمت میں تعزیت پیش کی گئی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ آغا سید باقر الحسینی نے ان کی رحلت کو حوزہ ہائے علمیہ اور عالم اسلام کے لیے عظیم علمی و دینی نقصان قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی بلندی درجات، کراچی کے عزاداروں کی مشکلات کے خاتمے اور بحرین کے علمائے دین و عوام کی سلامتی و سربلندی کے لیے دعا کی گئی۔







