جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی مجلس ترحیم
شیعیت نیوز : جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رحمۃ اللہ علیہ کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم منعقد ہوئی، جس سے علامہ شیخ انور علی نجفی نے خطاب کیا۔
علامہ شیخ انور علی نجفی نے اپنے خطاب میں مرحوم مرجع تقلید کی علمی، روحانی اور دینی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی فقاہت، تقویٰ، علمی مقام اور عالم تشیع میں ان کی ممتاز حیثیت کا تذکرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : قم میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی تشییع جنازہ، ہزاروں سوگواروں کی شرکت
انہوں نے عزاداری اہل بیت علیہم السلام کے فروغ، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور مصائب کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی مکتب اہل بیت علیہم السلام کی خدمت، دینی علوم کی ترویج اور دینی اقدار کے تحفظ سے عبارت تھی۔
مجلس کے اختتام پر مرحوم کی بلندی درجات، مغفرت اور ان کی علمی و دینی خدمات کی قبولیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔







